غزہ(مانند نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے، صیہونی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ سپریم کورٹ، سکولوں،تجارتی،رہائشی عمارتوں، ہسپتال اور ایمبولینس کو نشانہ بنا کروحشیانہ بمباری کرکے تباہ کر دیں۔ شمالی غزہ میں 2 سکولوں پر بمباری کی جس 50 سے زائد فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے الدرج کے 2 سکولوں کو نشانہ بنایا، حملے میں 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، سکولوں میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ، خان یونس، شجاعیہ اور رفاہ میں بھی فلسطینیوں کی پناہ گاہوں، سکولوں، تجارتی مال اور رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی۔ صیہونی فورسز نے غزہ سپریم کورٹ کی عمارت بھی تباہ کر دی، ہسپتال اور ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا۔ دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آ گئی ہے، جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 800 سے زائد ہوگئی، اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹوں میں حماس کے سیکڑوں ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے، اسرائیل نے مین فائبر روٹس کاٹ دیں، غزہ میں لینڈلائن، موبائل اور انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل ہوگئی ہے۔