پشاور(مانند نیوز) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفواد اسحق نے اوگرا کی جانب سے ٹیکسٹائل سمیت صوبہ خیبر پختونخوا کی صنعتوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں بلینڈڈ گیس پالیسی کے تحت فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3176 روپے کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گیس میں سرپلس صوبہ خیبر پختونخوا کی صنعتوں کیلئے 80فیصد قدرتی گیس اور20 فیصد RLNG کے نرخ لگا کر اس پر 18فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران شاہ نے سرحد چیمبر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور ٗ سرحد چیمبر کے سینئرنائب صدر ثناء اللہ خان ٗ نائب صدر اعجاز خان آفریدی ٗ سابق صدور ریاض ارشد ٗ ملک نیاز احمد ٗ فیض محمد فیضی ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عفان علی خان ٗ خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سابق صدور عفان عزیزاورقلندر قلی خان خٹک اور عمران موتن ٗ اشفاق احمد ٗ انجینئر احسان اللہ ٗ محمد شعیب ٗ انجینئر مطیع اللہ ٗ محمد ایوب ٗ عارف اللہ ٗ محمد صفدر خان ٗ سرحد چیمبر کے سابق نائب صدر عابد اللہ خان یوسفزئی اور صدر گل ٗ فیض رسول ٗ فضل واحد ٗ اشتیاق محمد سمیت کاروباری افراد بھی موجود تھے۔سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے پر بلینڈڈ گیس پالیسی اور آر ایل این جی ریٹ کے نفاذ کے بعد 50 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہوچکی ہے اور گیس کی عدم فراہمی اور مہنگے داموں فروخت سے انڈسٹریز سے وابستہ کاروباری افراد کیلئے اپنا کاروبار چلانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہوچکا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایسی پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھا گیا تو اس اہم سیکٹر سے وابستہ 50ہزار سے زائد لوگ بے روزگارہونے کا خدشہ پیدا ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں صنعتوں کی تیزی سے بندش کا عمل روکا جائے اور دہشت گردی سے متاثرہ صوبے خیبر پختونخوا کی صنعتوں کوسستے نرخوں پر بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا نیٹ ایکسپورٹر ہونے کے ساتھ ساتھ گیس اور بجلی اپنی ضرورت سے زیادہ پیدا کرتا ہے لیکن 13 سال کے دوران خیبر پختونخوا کو ایک بھی نیا انڈسٹریل کنکشن نہیں دیا گیا بلکہ اس کے برعکس صوبہ پنجاب کو انڈسٹریل کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ انہو ں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گیس کی کل پیداوار 550ایم ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ استعمال صرف 200 ایم ایم سی ایف ڈی ہے یعنی 350 ایم ایم سی ایف ڈی گیس خیبر پختونخوا اضافی پیدا کر رہا ہے جس پر بلینڈڈ گیس پالیسی کے نفاذقابل تشویش ہے۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق کا کہنا تھا کہ بلینڈڈ گیس پالیسی کے تحت خیبر پختونخوا پر 80/20فیصد کے تناسب سے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرنا سرپلس گیس پیدا کرنیوالے صوبہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ناانصافی اور آئین پاکستان کے منافی ہے۔خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران شاہ نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت کی امتیازی پالیسیوں کی وجہ سے 15میں سے 7 ٹیکسٹائل یونٹس صوبے میں بند ہوچکے ہیں اور باقی 50فیصد Capacity پر چل رہے ہیں اور وہ بھی بند ہونے کے قریب ہیں۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران شاہ نے بتایا ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹریز صرف 10 ایم ایم سی ایف ڈی گیس استعمال کرتی ہے جہاں پر گیس کی پیداوار اضافی بھی ہے اور استعمال بھی کم ہے اس کے باوجود ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک جاری ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے سابق صدر عفان عزیز کا کہنا تھا کہ بے تحاشا قیمتوں میں اضافہ اور آر ایل این جی نرخوں پر گیس کی فراہمی کے بعد اب بلینڈڈ گیس پالیسی کے تحت قیمتوں کو دوگنا کردیا گیا ہے جو خیبر پختونخوا کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبے کوآئینی حقوق سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو انتہائی تشویشناک ہے اور اس امتیازی عمل کوفوری طور پر بند ہوجانا چاہئے۔ بزنس مین فورم کے لیڈر سینیٹر الیاس احمد بلور نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ کا کام صرف اپنے مسائل کو حکومت کے سامنے لانا ہے اور ہر سطح پر انہیں حل کروانے کی کوشش کرنا ہے۔سینیٹر الیاس احمد بلور نے حکومت سے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خیبر پختونخوا کو اس کے آئینی حقوق دیئے جائیں۔ سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اتفاق و اتحاد اور رواداری پر یقین رکھتی ہے اور تمام مسائل کو ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کرنے کی خواہاں ہے۔سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت گیس کی قیمتوں پر فوری نظرثانی کرتے ہوئے کاروبار ٗ صنعت اور تجارت کو مزید تباہی کی طرف لے جانے سے بچانے کیلئے بلینڈڈ گیس کی پالیسی اور RLNG ریٹ کے تحت گیس کی فراہمی پر نظرثانی کرکے اس مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے گی۔