پشاور (مانند نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں پولیٹیکل پارٹیاں کم، پولیٹیکل پراپرٹیاں زیادہ ہیں۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے نام پر دھوکہ دیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کے سوا کسی بھی سیاسی جماعت میں اندرونی جمہوریت موجود نہیں۔ ملک میں دس فیصد سیاستدان بھی آئین کی دفعات 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کی ذمہ داری ہے کہ کسی ایسے فرد کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دیں جو ان دفعات پر پورا نہیں اترتے۔ عوام درست نمائندے اسمبلیوں میں بھیجیں گے تو ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ہمارا مقصد پاکستان میں دین کا نفاذ ہے۔ ہم عوام کے پاس جائیں گے اور ان کے ووٹ کی طاقت سے عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ ان شاء اللہ صوبے میں حکومت جماعت اسلامی کی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں امیدواران کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو جمہوریت کی یاد ستانے لگی۔ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے اپنے انٹرا پارٹی انتخابات بھی جمہوریت کی دھجیاں اڑا رہے ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت میں اندرونی جمہوریت نہیں ہے، جمہوریت صرف جماعت اسلامی میں ہے جس کا ہر سطح کا امیر تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ انھوں نے نامزد امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی پر زور دیا کہ اپنے حلقے کے عوام کو جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام سے آگاہ کریں۔ عوام کو بتائیں کہ جماعت اسلامی ان کے مسائل حل کرے گی۔ 28فروری 2024ء عوام کے وسائل غصب کرنے والوں کا یوم احتساب ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام جمہوریت کا مذاق اڑانے والوں کو مسترد کردیں۔ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کے دیانتدار اور امانتدار قیادت کو منتخب کریں۔ ہم ہی اس ملک کی تقدیر بدلیں گے۔