اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پوری قوم سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ہے، شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل دہشت گرد کبھی ہرا نہیں سکتے۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل، ہمارے چمن کی ننھی کونپلوں کو روند کر قوم کا حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے نے اس قوم کا عزم مضبوط تر کیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پرنسپل شہید طاہرہ قاضی، نہتے اساتذہ طالب علموں کو بچانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہے اور جام شہادت نوش کیا،یہ دن ان عظیم شہیدوں کی عظیم قربانی کو یاد کرنے کا بھی دن ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں، پاکستانی قوم دہشت گردی کی جنگ جیت چکی ہے، پاکستانی قوم نے دشمن کے پاکستان میں شر انگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دیئے۔انہوںنے کہا کہ شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل دہشت گرد کبھی ہرا نہیں سکتے، پوری قوم کو اپنے ان عظیم شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحہ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں غم زدہ ہے۔نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم، تمام شرپسندوں کو ہلاک کرنے تک اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے، پاکستانی قوم متحد ہے۔