ایبٹ آباد(مانند نیوز ڈیسک)ایبٹ آباد کے علاقے قلندر آباد کے گاؤں ترھیڑی میں لکڑی کے مکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے ماں اور8بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ترھیڑی گاؤں میں واقع گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ لگنے سے لکڑی کا مکان دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ سے کچے مکان کا ملبہ ماں اور 8 بچوں پر آگرا جو کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ملبے تلے دبے رہے، گاؤں کا راستہ دشوار اور پہاڑی ہونے کے وجہ سے پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جیپ اور پیدل سفر کر کے جائے حادثے پر پہنچے۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ آگ لگنے سے گھر میں موجود ماں، 4 بیٹیاں اور 4 بیٹے جھلس کر جاں بحق ہوگئے، شوہر ذاکر عباسی روزگار کے سلسلے میں کراچی میں مقیم ہے۔ ایبٹ آباد میں ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ ماں کی عمر 45 برس جبکہ بچوں کی عمریں 8 سال سے 18 سال کے درمیان تھیں، انتظامیہ کے مطابق ذاکرعباسی کے کچے مکان کی تعمیر میں لکڑی زیادہ استعمال کی گئی تھی، جس کی وجہ سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔