مقبوضہ بیت المقدس(مانند نیوز ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ جنگ کی اسرائیل کو بہت بھاری قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔ہفتے کا روز اسرائیلی فوج کے لیے ڈراؤنا ترین ثابت ہوا جب حماس کے مجاہدین سے جھڑپوں میں 16اسرائیلی فوجی مارے گئے جس سے ان کی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 155ہو گئی۔تاہم نیتن یاہو نے ڈھٹائی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج کے پاس جنگ جاری رکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں اور لڑائی حماس کے ختم ہونے تک پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی۔ کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا غزہ میں ہفتے کا روز لڑائی کے انتہائی مشکل دن میں سے ایک تھا اور میں صاف صاف کہنا چاہتا ہوں یہ ایک طویل جنگ ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں نیتن یاہو نے ان خبروں کی تردید کی کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل سے فوجی آپریشن روکنے کی درخواست کی تھی۔