اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ سنا یا ہے،44 سال بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے عدالتی و جمہوری نظام ترقی کرے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے صدارتی ریفرنس پر رائے سنائے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے انتظار میں ہیں، تفصیلی فیصلے پر وکلا سے بات کر کے تفصیلی بات کروں گا۔ا نہوں نے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، صدر زرداری نے بھٹو کا ریفرنس بھیجا تھا، عدالت نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو درست کرنے کے لئے فیصلہ سنا رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخی قدم اٹھایا گیا ہے، 44 سال بعد تاریخ درست ہونے جا رہی ہے، فیصلے سے پاکستان آگے جائے گا، ترقی کرے گا، چاہے عدالتی نظام ہو یا جمہوری نظام۔ان کا کہنا ہے کہ عدالت پر اس داغ کی وجہ سے عوام سمجھتے تھے کہ انصاف ملنا مشکل ہو گا، تمام ججز کا شکر گزار ہوں، وکلا کا بھی شکر گزار ہوں، فیصلے کے بعد امید ہے کہ نظام صحیح سمت چلنا شروع ہو جائے گا۔