لاہور(مانند نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شہدا ء کے خلاف توہین آمیز مہم ناقابل برداشت ہے،سیاسی تنقید سب پر کریں مگر شہداء کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ میں گزشتہ روز جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کی سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ہم شہدا ء کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ لوگ ملک کی سالمیت کے لیے قربانیاں دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سیاسی جماعت نے جنوبی وزیرستان میںشہید ہونے والے ان شہدا کے حوالے سے تضحیک آمیز مہم چلائی، میں اس کی مذمت کرتا ہوں، ان شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور سوشل میڈیا میں ماضی کی طرح پھر ان شہدا کی قربانیوں پر تنقید کی گئی۔انہوںنے کہا کہ میں شواہد کے ذریعے بتائوں گا کہ تحریک انصاف کی ٹیم نے ان اکائونٹس کے ذریعے یہ توہین آمیز مہم چلائی ہے، یہ ملک ہے تو سیاست ہے، یہ ملک سب سے پہلے ہے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ پہلے بھی یہ کام کرتے رہے ہیں، ان اکائونٹس پر بانی پی ٹی آئی کی تصویریں لگی ہیں، یہ فعل کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ جن لوگوں نے عوام کے جذبات مجروح کیے ہیں ان کی شناخت کی جارہی ہے، اور یہ بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، ان لوگوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی بھی یہ اکائونٹس آپریشنل ہیں، سیاسی تنقید سب پر کریں مگر شہدا ء کی کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔عطا ء تارڑ نے کہا کہ جب لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر گرا تھا تب بھی یہی لوگ تھے تنقید کرنے والے اور کچھ پاکستان مخالف لابی ہے سرحد کے پار انہوں نے بھی حصہ ڈالا تھا اس میں، لیکن آپ لوگ اس میں حصہ نا ڈالیں، شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کے لیے سب کو اکھٹا ہونا چاہیے، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ شہدا کی تضحیک قابل قبول نہیں ہے، جو بھی اپنے لیڈر کی تسکین کی خاطر اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں کرتے ہیں انہیں قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ نے 9 مئی میں جو حرکتیں کی، جو آئی ایم ایف کو خط لکھا تو یہ کام نا کریں، ہمیں پتا آپ چاہتے ہیں کہ ملکی معیشت تباہ ہو لیکن ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، آپ کہتے تھے کہ یہ امریکی سازش ہے اب وہاں کے فٹھ پاتھ پر افطاریاں کر رہے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے کہ آئی ایم ایف کے دفترکے باہر کھڑے ہو کے نعرے لگا رہے ہیں، اس کی مذمت ہونی چاہیے۔عطاء تارڑ نے بتایا کہ ہم ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہیں، یہ پاکستانیوں کی بہبود کا معاملہ ہے، لیکن اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اس کی مذمت کرنی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ لوگ جو ان اکاؤنٹس کو سہولت دے رہے ہیں ہم ان کی نشاندہی کر رہے ہیں، جو پاکستان اور بیرون ملک لوگ ہیں اس میں ملوث ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل فوری حل کے متقاضی ہیں، ہمیں غریب عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ عالمی جرائد نے وزیر خزانہ کی تقرری کو سراہا ہے۔