کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور بلڈرز ناقابل برداشت ہیں اور قانونی تقاضے پورے کئے بغیر انہیں کسی صورت کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قانونی کاغذات کی جانچ پڑتال اور دیگر مجوزہ سرکاری کاغذات کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو، پبلک ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو ضلع بھر میں قائم قانونی اور غیر قانونی/ غیر رجسٹرڈ ہاوسنگ سوسائٹیز سے متعلق تفصیلی بریفینگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے سختی سے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کیلئے ضروری قانونی تقاضے پورے کئے بغیر کسی کو بھی این اوسی نہ دی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان اور بلڈرز کے خلاف بلا تاخیر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔