اورکزئی (مانند نیوز) خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی،ضلعی انتظامیہ اورکزئی اور اورکزئی سکاؤٹس کے تعاون سے خراشہ خوا ستوری خیل ضلع اورکزئی میں جاری 3روزہ سپرلے میلہ 2024 کے رنگارنگ تقریبات میں اختتام پذیر ہوگئے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ تھے جبکہ تقریب میں دوسروں کے علاوہ کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس کرنل سید سعادت حسن، پی ڈی خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اشتیاق احمد، لیفٹیننٹ کرنل طارق رحیم، کرنل سلیم اشرف،میجر اسامہ،چیف کوآرڈینیٹر ایونٹ کیپٹن رانا ذیشان احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مسعود جان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) حبیب اللہ، اے سی زہرا نور اور کیپٹن رضوان سمیت پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران، معززین علاقہ، مشران اور مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس فیسٹیول میں اورکزئی کی مقامی یوتھ کمیٹی اور رضا کاروں نے بھی اسے کامیاب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔سپرلے فیسٹول میں جیپ ریس، موٹربائیک ریس، رسہ کشی، نیزہ بازی، کشتی،ٹرک پولنگ، ٹریکٹر پولنگ، سٹون لفٹنگ، ماس ریسلنگ، کبڈی، تیر اندازی، پیراگلائیڈنگ، کرکٹ، فٹبال، مقامی روایتی کھیلوں کے مقابلوں سمیت اونٹ اور گھوڑے کارقص بھی شامل تھا۔ میلے میں گزشتہ شب محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں مقامی اور صوبے کے نامور گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔سپرلے میلہ اورکزئی میں چاروں صوبوں سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر مقامی کھیلوں خصوصاً تیر اندازی اور غلیل کے مقابلے بھی کروائے گئے جن میں علاقے کے ملکان و مشران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔میلے کا اہم ایونٹ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے تعاون سے پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ انسانی قومی پرچم کی پرفارمنس تھی جس میں ضلع اورکزئی کے مختلف سرکاری سکولوں کے 500 طلباء نے سفید اور سبز رنگ کے کارڈز کا استعمال کرکے قومی پرچم بنانے کا مظاہرہ پیش کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ نے کہا کہ کھیلوں اور ثقافتی گالا کا مقصد ضلع میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ قبائلیوں کی عظیم قربانیوں کے بعد خطے میں امن و سکون لوٹ آیا ہے۔ انہوں نے ضلع اورکزئی کے تمام قبائلی عمائدین، کھلاڑیوں اور عام عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی ذاتی شرکت سے میلے کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر انہوں نے عیدالاضحی کے بعد اپر اورکزئی میں بھی اسی طرح کے ثقافتی میلے کے انعقاد کا اعلان کیا تاکہ ضلع اورکزئی کے مقامی لوگوں کیلئے تفریح کے بہترین مواقع فراہم کئے جا سکے۔ کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیسٹیول کا مقصد عام لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں انسانی زندگیوں کا اہم جزو ہیں۔ اس طرح کی سرگرمیاں خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے ناگزیر ہیں۔ میلے کے اختتام پر معزز مہمانوں نے ضلعی انتظامیہ اور اورکزئی سکاؤٹس کے افسران، پروجیکٹ ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع و دیگر کو اعترافی شیلڈز جبکہ انسانی جھنڈا بنانے والے طلباء کو 50 ہزار روپے کے خصوصی انعام سے نوازا۔ دونوں مہمانوں نے جیتنے والی ٹیموں اور بہترین کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔بعد ازاں مہمانوں نے نمائشی کارنیول میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔