فیصل آباد (مانند نیوز)مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، مشائخ عظام و مذہبی دانشوروں نے کہاہے کہ قصاب سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کو ذبح کرتے وقت شرعی آداب کے ساتھ ساتھ قربانی کے جانور کی ریڑھ کی ہڈی میں موجود پٹھے کو نقصان سے بچائیں۔مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا قاری محمد کاشف اور حافظ محمد طاہر نقشبندی نے کہاکہ اسلامی طریقے اور شرعی آداب کے مطابق قربانی کا جانور ذبح کرتے وقت تکبیر کے بعد جانور کی سانس کی نالی، خوراک کی نالی، شریان اور ورید کو ایک ہی کٹ میں کاٹا اور ریڑھ کی ہڈی میں موجود پٹھے کو نقصان پہنچنے سے بچایاجائے کیونکہ اس صورت میں خون پوری طرح قربانی کے جانور کے جسم سے خارج نہیں ہوپاتا جو کہ اسلامی اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکثر مقامات پر قصاب عید کے دن زیادہ کمائی کے چکروں میں قربانی کے جانوروں کو ٹھنڈا نہ ہونے دیتے ہیں جس سے قربانی خراب ہونے کا احتمال رہتاہے۔انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑ کی لازوال اطاعت کی یاد میں ایک تحفہ کے طور پر منائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر صاحب استطاعت پر قربانی فرض ہے تاہم انہیں قربانی کاایک حصہ ہر حال میں غریب مسلمان بھائیو ں کیلئے ضرور وقف کرناچاہیے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔