ہنگو (مانند نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے کسی صورت زیادہ نہ کرنے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ڈپٹی کمشنر ہنگو حیدر حسین نے پیسکو حکام کے ساتھ خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا جس میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شاہ تراب خان، ضلعی انتظامی افسران، پیسکو حکام اور فوکل پرسن برائے ایم این اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہنگو کے مختلف علاقوں میں ناروا لوڈ شیدنگ، عوامی سطح پر پائی جانے والی تشویش اور احتجاج کے معاملات تفصیلاً زیر غور آئے اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔پیسکو حکام کو ہدایت کی گئی کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی پیسکو کے حوالے سے جاری ہدایت پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ پیسکو حکام نے ڈپٹی کمشنر ہنگو کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد ہی ایک جامع اور مربوط نظام کے ذریعے مختلف فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کریں گے اور عوام کو ریلیف دیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ پیسکو کے ساتھ تعاون کریں، بجلی کے بقایاجات بروقت ادا کریں اور کنڈا کلچر کی حوصلہ شکنی کریں۔