کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے اپنے حلقہ نیابت کے دور دراز علاقے زیارت شیخ اللہ داد میں پینے کے پانی کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اشتیاق قریشی کے ہمراہ زیارت شیخ اللہ داد میں شادی پور واٹر سپلائی اسکیم کا دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ شادی پور واٹر سپلائی سکیم سے علاقے کے پانی کی ضرورت پوری نہیں ہو رہی ہے کیونکہ اس کی پانی پورے علاقے کو نہیں پہنچ رہی جس کی وجہ سے پانی کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے عمائدین علاقہ کی درخواست پر مذکورہ سکیم کے لئے مزید فنڈ مختص کر نے کی منظوری دی۔انہوں نے یقین دلایا کے انشاء اللہ علاقے کے ہر گھر تک پانی پہنچائیں گے اور یہاں کے عوام کے پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے علاقے کے دیگر بنیادی مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔عمائدین علاقہ نے علاقے کے اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لینے اور اسے مستقل طور پر حل کرنے کے عزم پر وزیر موصوف کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔