کوہاٹ (مانندنیوز ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے خصوصی احکامات کی روشنی میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کی ہدایت پر انٹی کرپشن کوہاٹ کے ڈویژنل آفس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی کرپشن ابراہیم اللہ کی زیر نگرانی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں کوہاٹ ڈویژن کے مختلف اضلاع کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔لوگوں کے زیادہ تر مسائل کا تعلق پٹوارخانوں، تھانوں، بلدیات، آبنوشی اور بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے تھا۔لوگوں نے کھل کر فرداً فرداً اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل پیش کئے جن کے موقع پرتسلی بخش جوابات دئیے گئے۔ڈائریکٹر انٹی کرپشن کوہاٹ نے کہا کہ سرکاری محکموں اور اداروں میں جہاں کہیں بدعنوانی ہو گی وہاں ایکشن ضرور ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر پیش کئے گئے مسائل معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی کے توسط سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے نوٹس میں لائے جائیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پیش کئے گئے تمام مسائل پر کارروائی ضرور ہو گی اور سائلین کو ان پر پیش رفت سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔شرکاء نے کھلی کچہری کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے۔