اورکزئی (مانند نیوز )ڈپٹی کمشنر ضلع اورکزئی محمد طیب عبداللہ کو موصول شدہ اطلاع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر ساجد علی خان نے جمعہ کی رات 11 بجکر 45 منٹ پر تحصیل لوئر اورکزئی کے تھانہ کلایہ کی حدود میں چمن جنہ کے مقام پر خفیہ چھاپہ لگایا اور اس دوران غیرقانونی لکڑی سے بھری ایک پک اپ کو پکڑ کر سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور پک اپ گاڑی کو بمعہ سمگل شدہ لکڑی قبضے میں لے کر اپنی زیر نگرانی کلایہ ہیڈ کوارٹر بحفاظت پہنچا دیا۔واضح رہے کہ مذکورہ بالا پک اپ گاڑی میں لکڑی ضلع اورکزئی سے ضلع خیبر غیر قانونی طریقے سے سمگل کی جا رہی تھی۔ گزشتہ ماہ بھی اس طرح کی خفیہ کارروائیوں میں کئی پک اپ گاڑیوں کو سمگل شدہ لکڑیوں سمیت قبضے میں لے کر ان پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبداللہ نے جنگلات کو ٹمبر مافیا سے محفوظ کرنے کیلئے واضح احکامات جاری کئے ہیں اور لکڑی کے سمگلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ہدایات دی ہیں۔