پشاور(مانند نیوز ) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخواکے سیلاب متاثرہ ضلع مردان میں ایک کمیونٹی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جس کا مقصد بدعنوانی کے خلاف آگاہی پیدا کرنے، کلائمٹ گورننس کو بہتر بنانا اور فیصلہ سازی میں مقامی آبادیوں کو بااختیار بنانا تھا۔ سائبان ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے سی ای او محمد عارف نے شرکا کا خیرمقدم کیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر نسرین میمن نے مردان میں کلائمٹ چینج کے اثرات پر گفتگو کی اور اس سے مقامی آبادیوں کو لاحق خطرات کے بارے میں بتایا۔کلائمٹ چینج ایکسپرٹ سعید عالم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملیوں پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح مقامی آبادیاں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے خود کو تیار کر سکتی ہیں۔خیبر پختونخواانفارمیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید سعادت جہاں نے سماجی احتساب کے ذرائع پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے فیصلہ سازی میں شہریوں کی شرکت بہت ضروری ہے۔ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے فوکل پرسن فرحان زید نے ضلعی سطح پر کی جانے والی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کوششوں اور تیاریوں کے بارے میں بتایا۔ مردان کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اقبال حسین خٹک نے صوبے میں کلائمٹ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مؤثر کلائمٹ ایکشن میں کمیونٹی کی شمولیت کے اہم کردار پر گفتگو کرتے ہوئے سیشن کا اختتام کیا۔