کوہاٹ (مانند نیوز )ملک کے دوسرے حصوں کی طرح کوہاٹ میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر اسیران کی رہائی، کمر توڑ مہنگائی، سوشل میڈیا کارکنان کی گمشدگی اور رہائی اور امن عامہ کی بگڑتی صورتحال سے نجات کیلئے بھرپور احتجاج کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ،پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے، اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان اور داؤد آفریدی، گمبٹ اور لاچی کے تحصیل چیئرمین، پارٹی کی مقامی قیادت، عہدیدار، کارکن اور عام لوگ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔تفصیلات کے مطابق حلقہ پی کے۔90 میں بڑی ریلی بلی ٹنگ میں نکالی گئی جس کی قیادت صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ، شہریار آفریدی ایم این اے اور تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال نے کی۔اسی طرح پی کے۔91 کی بڑی ریلی کوہاٹ یونیورسٹی چوک میں داؤد آفریدی کی زیر قیادت منعقد ہوئی اس میں بھی شہریار آفریدی ایم این اے اور چیئرمین تحصیل لاچی احسان خان سمیت مذکورہ حلقہ کے پارٹی کارکن اور عوام بھاری تعداد میں شریک ہوئے جبکہ پی کے۔ 92 کی بڑی احتجاجی ریلی شہر کے تحصیل گیٹ کے باہر منعقد ہوئی جس کی قیادت شفیع جان ایم پی اے اور ضلعی رہنما سلمان شنواری نے کی۔مذکورہ تینوں ریلیوں نے بعد میں بڑے بڑے احتجاجی جلسوں کی شکل اختیار کی جن سے مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر اسیران کی فوری رہائی اور سیاسی بنیادوں پر قائم جعلی مقدمات کے خاتمے، کمر توڑ مہنگائی کے خاتمے، سوشل میڈیا کارکنان کی گمشدگی فی الفور روکنے اور ان کی رہائی اور عوام کو امن عامہ کی بگڑتی صورتحال سے نجات دینے کے پر زور مطالبات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور ان میں آئے دن بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور بھاری بھر کم بلوں اور ہوشربا مہنگائی کا بوجھ اٹھانے کی مزید سکت نہیں۔مقررین نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا واحد حل فارم 47 پر قائم مینڈیٹ چور جعلی حکومت کا فوری خاتمہ ہے۔جعلی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور عنقریب اس سے عوام چھٹکارہ حاصل کر لیں گے۔