کوہاٹ (مانند نیوز )کوہاٹ ڈویژن میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے کی سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ، ضلعی پولیس آفیسر، مختلف محکموں کے افسران، ڈسٹرکٹ خطیب، سول سوسائٹی اور مختلف سکولوں کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور بچوں، جوانوں اور خواتین پر بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے سنگین مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔اس موقع پر بچوں نے اپنے تقاریر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسان دشمن رویے اور کشمیری عوام پر کئے جانے والے مظالم کی نشاندہی کی۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد کشمیریوں کی جہدوجہد آزادی اور بھارتی افواج کے مظالم کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اقوام عالم کو اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنا چائیے۔ کشمیریوں کو آزادی نہ دے کر ان کا بنیادی حق پا مال کیا جا رہا ہے اور ہمارے کشمیری بھائی انتہائی مشکل زندگی بسر کر نے پر مجبور ہیں جو زیادتی کی انتہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوکر بھارت کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرنے پر مجبور کرے۔ دیگر مقررین نے بھی اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی۔ تقریب کے اختتام پر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بینر اٹھا کر کشمیریوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔آخر میں کشمیر کی آزادی اور مظلوم کشمیریوں کیلئے دعا کی گئی۔ دریں اثناء کوہاٹ ڈویژن کے دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز ہنگو،اورکزئی،کرم اور کرک میں بھی ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیرکی مناسبت سے تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیاگیا جن میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی۔