اورکزئی (مانند نیوز )ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع اورکزئی میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور کشمیر پر غاصب بھارتی افواج کی غیرقانونی قبضے کیخلاف ضلعی انتظامیہ اورکزئی کے زیر اہتمام کلایہ ہیڈکوارٹر میں ”یوم استحصال کشمیر“کے حوالے سے پروگرام اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ اور ڈیپارٹمنٹس کے افسران و اہلکار، سول ڈیفنس، قبائلی مشران، تاجربرادری، سکولوں کے طلباء وطالبات، سول سوسائٹی اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ریلی سے قبل کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور قابض بھارتی افواج کے مظالم کی خلاف نعرے درج تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کا ایجنڈا نامکمل ہے، عالمی دنیا کو چاہیئے کہ وہ قابض بھارتی افواج کی ناجائز اورغاصبانہ قبضے کیخلاف اپناکردار ادا کرے اور کشمیریوں کو اُنکی اُمنگوں کے مطابق حق خورارادیت دے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی بقاء وسلامتی اور کشمیری شُہداء کیلئے اجتماعی دعا کی گئی۔