کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ نے اتوار کی شام ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے کوہاٹ کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی، ایکسرے، مختلف وارڈز، کینٹین اور ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر علی شاہ اور ڈی ایم ایس سعود احمد نے کمشنر کو ہسپتال میں طبی اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے صفائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور کھانے کی چیزوں کو معیاری قرار پایا تاہم تسلی کیلئے موقع پر موجود فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو خوراک کی اشیاء کے مناسب ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے ہسپتال کے ایم ایس کے ساتھ ضروری سازوسامان کے دیرینہ مسائل سمیت ریفر ٹو پشاور کے اہم ایشو پر بھی بات کی اور سختی سے ہدایت کی کہ انتہائی اہم نوعیت کے کیسز کے علاوہ عام کیسز کی ریفر ٹو پشاور کی حوصلہ شکنی کی جائے۔کمشنر کوہاٹ نے ہسپتال کے تمام مسائل باالخصوص صحت کے حوالے سے موجودہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کیلئے تمام تر ممکنہ کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔