پشاور(مانند نیوز)ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیش خیبر پختونخوا نے مخلوط تعلیم کے حوالے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ایڈمشن پالیسی 24-2023 منظور ہوچکی ہے۔ اس پالیسی میں دیگر ترامیم کے ساتھ بی ایس پروگرام میں کے حوالے سے بھی ترمیم کی گئی ہے۔ یہ پالیسی سال 26 -2025 سے نافذ ہوگی سرکاری کالجز میں داخلے چونکہ آن لائن ہوتے ہیں اس مقصد کے لییپالیسی میں کی گئی ترامیم آن لائن سوفٹ وئیر کے ذریعے نافذ کی جاتی ہیں۔ نئی پالیسی میں کی گئی ترامیم کو سوفٹ وئیر میں شامل کرنے کے لیے کے۔پی۔آئی۔ ٹی۔بورڈکے مطابق کم از کم 3 سے 4 مہینے درکار ہیں۔ اس لیے نئی پالیسی اس سال کے بجائے اگلے سال سے نافذالعمل ہوگی تا کہ کسی تکنیکی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید یہ کہ ہر سال کے لیے نئی پالیسی ضروری نہیں، البتہ بوقت ضرورت پالیسی میں ترمیم کی جا سکتی ہے اہم بات یہ ہے کہ اس پالیسی میں مخلوط تعلیم پرکوئی پابندی نہیں لگائی گئی اور نہ ہی محکمہ اعلیٰ تعلیم مخلوط تعلیم کے خلاف ہے۔اس پالیسی میں طلبا و طالبات کو بی ایس پروگرام میں داخلے کے آسان مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔بلکہ لڑکیوں کے لیے لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ مواقع ہیں۔نئی پالیسی میں ترامیم کے مطابق جن علاقوں میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے کالج موجود ہیں اور دونوں میں یکساں مضامین میں بی ایس پروگرامز جاری ہیں وہاں لڑکے اور لڑکیاں صرف اپنے اپنے کالجز میں داخلہ لیں گے جو پروگرامز لڑکیوں کے کالجز میں نہیں ہیں ان پروگرامز میں لڑکیاں، لڑکوں کے کالجز میں داخلہ لے سکیں گی۔ ایسے کالجز میں لڑکیوں کے لئے 50 فی صد سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔جہاں لڑکیوں کا کالج موجود نہیں یا کالج ہے لیکن اُس میں بی ایس پروگرامز نہیں ہیں وہاں لڑکیاں ہر پروگرام میں داخلہ لے سکیں گی۔ ایسے کالجز میں بھی لڑکیوں کے لیے 50 فی صد سیٹیں مختص کی گئی ہیں صوبہ میں کل 207 کالجز میں بی ایس پروگرام جاری ہے۔ان میں 106 مردانہ کالجز ہیں اور 101 زنانہ کالجز ہیں پشاور کے علاؤہ تمام مردانہ کالجز میں لڑکیاں بی ایس پروگرام میں داخلہ لے سکتی ہیں۔اس وقت 97 کالجز میں مخلوط تعلیم ہے۔ جب کہ 101 کالجز صرف لڑکیوں کو بی ایس پروگرام میں داخلہ دے رہے ہیں۔ اس طرح صوبہ بھر میں لڑکیوں کو 198 کالجز میں بی ایس پروگرام میں داخلے کے مواقع مل رہے ہیں جب کہ لڑکوں کو صرف 106 کالجز میں بی ایس پروگرام میں داخلے کے مواقع مل رہے ہیں یہاں اس امر کی وضاحت ضروری ہے کہ اس پالیسی کی بدولت مردانہ کالجز میں لڑکیوں کی 50 فی صد سیٹیں یقینی ہو گئیں ہیں تا کہ لڑکیوں پر تعلیم کے دروازے بند نہ ہوں بلکہ ان کو پڑھنے کے زیادہ مواقعے مل سکیں۔