کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“(جزا یا سزا) کے تحت منگل کو سروس ڈیلیوری سنٹر کوہاٹ میں ریونیو دربار کا انعقاد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو کے تمام افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ دربار میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے محکمہ مال سے متعلق مسائل کھل کر بیان کئے اور تحریری درخواستیں بھی جمع کرائیں۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے تمام مسائل غور سے سنے اور موقع پر ہی زیادہ تر مسائل حل کروا دیئے تاہم پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریونیو دربار کے انعقاد کا مقصد عوام کو ریونیو سے متعلق معاملات میں ریلیف فراہم کرنا اور نچلی سطح پر عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرکے ان کا مستقل حل نکالنا ہے تا کہ عوامی سطح پر حکومت کی جانب سے بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔دربار کے اختتام پر عوام نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے عوامی خدمات کو سراہا اور ریونیو دربار کے انعقاد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مفید اور مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔