پشاور(مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رح دنیا کے وہ صوفی بزرگ ہیں جنہوں نے پورے عالم کو محبت، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے، سندھ وہ دھرتی ہے جس نے امن کا پیغام دیا ہے، اس قسم کے محبت سے سرشار میلے اس ملک میں امن و امان کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد/بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رح کے 281 ویں عرس مبارک میں شرکت پر موقع پر مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر پھول چڑھائے، ملکی سلامتی و ترقی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعا کی، انہوں نے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ درگاہ کے احاطے میں شاہ کا راگ بھی سنا۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے بھی اس سال 13 آگست کو گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں ایک کانفرنس منعقد کی اور خوشحال خان خٹک اور علامہ اقبال کی شخصیت پر ایک سیمینار منعقد کیا، میں سندھ حکومت اور صوبائی وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کا شکرگذار ہوں جنہوں نے مجھے یہاں مدعو کرکے عزت افزائی کی، میں خیبرپختونخواہ عوام کی طرف سے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کریں تو پاکستان بہتری اور ترقی کی طرف گامزن ہوگا مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں ہر کوئی یہ کہتا ہوا نظر آتا ہے کہ مجھے دوسرے سے زیادہ پتہ ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے فارم 45 اور 47 حکومت کے بابت ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں کھاؤں تو حلال دوسرا کھائیں تو حرام، خیبر پختونخوا میں الیکشن صحیح تھے باقی صوبوں میں غلط ہوئے یہ کیسا افسانہ ہے، مولانا فضل الرحمان کے خلاف باتیں کرنے والے آج اس کے در کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہم سب اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ نہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔