کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کیلئے ضلع کرک کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے پورے کوہاٹ ڈویژن میں جاری 6۔روزہ گرینڈ صفائی مہم بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اپنے دورے میں کرک کے ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر میں صفائی اور عوامی خدمات کا معائنہ کرنے کے علاوہ مون سون شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا، پودا لگایا اور لائن ڈیپارٹمنٹ میں پودے تقسیم کئے۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ کرک گئے، بلڈنگ کی صفائی کا جائزہ لیا اور صفائی کی صورتحال مزید بہتر کرنے کی ہدایات دیں۔علاوہ ازیں کمشنر کوہاٹ نے ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان کے ہمراہ ٹائپ سی ہسپتال تخت نصرتی کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں ڈیوٹی پر مامور سٹاف کی حاضری چیک کی، ایمرجنسی و دیگر وارڈز کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات اور خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی آلات اور سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ ہسپتال کے مجموعی صورتحال کی مزید بہتری پربھی تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء معتصم باللہ نے ضلع کرک کے مشران سے بھی خصوصی ملاقات کی۔مشران نے کمشنر کوہاٹ کو روایتی پگڑی پہنا کر انہیں کرک آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں علاقائی مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر کوہاٹ نے مشران کو تمام تر مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔