کرک (مانند نیوز) وفاقی محتسب پشاور ریجن کے ہیڈ محمد مشتاق جدون نے جمعرات کو ضلعی انتظامیہ کرک کے تعاون سے ڈسٹرکٹ سیکریٹریٹ ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سہیل الرحمن سمیت ضلع کرک میں موجود تمام وفاقی محکموں کے افسران اور نمائندوں، سول سوسائٹی کے افراد اور نیبئر ہوڈ چیئرمینز/جنرل کونسلرز نے بھی شرکت کی۔ مشتاق جدون نے وفاقی محتسب کی جانب سے کھلی کچہری کے اغراض و مقاصد، افادیت اور کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر شرکاء نے کھل کر اپنے مسائل بیان کئے۔مشتاق جدون نے عوامی مسائل/ شکایات غور سے سنے اور ان پر فوری کارروائی بھی کی۔ مشتاق جدون نے کہا کہ مذکورہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصدعوام کووفاقی محکموں اوراداروں سے متعلق عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کا مقامی سطح پرازالہ کرنا ہے کیونکہ عوام معمولی معمولی مسائل کیلئے وفاقی محکموں کے ہیڈکوارٹر ز سے رابطہ نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ کافی مسائل موقع پرحل کردیئے گئے ہیں تاہم باقی ماندہ مسائل کے حل کیلئے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گااوران پر پیش رفت سے سائلین کوبھی آگاہ کیا جائے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ یہاں پر پیش کئے گئے تمام جائز مسائل بروقت حل ہوں گے۔ شرکاء نے وفاقی محکموں سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کرک اور وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔