کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اورلائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس پرکمشنر نے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔کمشنر کوہاٹ نے محکمہ تعلیم کوبچوں کی ذہن سازی کیلئے سکولوں کی اسمبلی میں صفائی،حفظان صحت اوردیگرمعمولات زندگی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پرمختصر خصوصی نشست منعقدکرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے سرکاری محکموں اوراداروں میں بھی ملازمین کوعوام کے ساتھ شائستہ رویہ اپنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ معتصم باللہ شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے محکموں اوراداروں کواپنے گھروں سے اگربڑھ کر نہیں تو کم توجہ ہرگزنہیں دینی چاہئے اورہمیں ہرسطح پردفاترمیں اونرشپ لینی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ عوامی ایجنڈا کے تحت سرکاری دفاترکے دوروں کا مقصد وہاں پر موجود سرکاری افسران اوراہلکاروں کی ہتک یاحوصلہ شکنی نہیں بلکہ انہیں سپورٹ دیناہے تاکہ عوام کیلئے ان کی خدمات میں بہتری لائی جاسکے۔کمشنر کوہاٹ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ کار میں ہرکام کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں تاکہ وہ پھر اپنی ذمہ داری کیلئے جواب دہ ہوں۔انہوں نے مزیدہدایت کی کہ صفائی کا کام جزوی نہیں بلکہ کل وقتی ہے اوراس کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے۔