پشاور(مانند نیوز) پشاور شہر میں صفائی ستھرائی اور فراہمی آب کی خدمات فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، ڈبلیو ایس ایس پی کو درپیش چیلنجز اور مالی مشکلات کے حل کے لئے حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی ریاض خان محسود نے انتظامی شعبہ جات کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن گاڑیوں کی مرمت اور ڈرائیوروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں جبکہ نیبرہوڈ اور ویلیج کونسلوں کے چیئرمینوں اور منتخب عوامی نمائندگان کے ساتھ صفائی ستھرائی کے حوالے سے مربوط روابط رکھے جائیں تاکہ شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ ایسے ملازمین جو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں یا اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام نہیں دے رہے کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کے ریونیو کے حوالے سے کمشنر پشاور کو بتایا گیا کہ نئے ٹیرف کے نفاذ کے بعد ریونیو میں سو فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے عوامی نمائندگان وتاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کے جی ایم آپریشن محمد اعجاز، جی ایم ایچ آر و پی ایم ای آر سید ضمیر الحسن، سی ایف او حیدر علی، جی ایم پراجیکٹس محبوب عالم، زونل منیجرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔