کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی سربراہی میں منعقدہ گرینڈقبائلی جرگہ کے ساتھ ضم اضلاع اوردیگر ضم علاقوں سے متعلق ہونے والے فیصلوں پر عملدآمد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیرصدارت ان کے دفترمیں منگل کے روز ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اورقومی تعمیر نوکے محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع کوہاٹ کے ساتھ منسلک ضم تحصیل درہ آدم خیل میں گرینڈ قبائلی جرگہ کے فیصلوں کی روشنی میں اقدامات اٹھانے کے حوالے سے امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اورمرحلہ وار ہرمحکمے نے درہ آدم خیل کے حوالے سے اپنے جاری اورمجوزہ منصوبوں کے علاوہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلاً بتایا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دی کہ ہرمحکمہ اورادارہ ٹائم لائن کے اندراندر اپنی اب تک کی کارکردگی اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں رپورٹ تیار کرکے دیں تاکہ وزیراعلیٰ کے ساتھ اس سلسلے میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گرینڈ قبائلی جرگہ کے حوالے سے فیصلوں پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی یاتساہل برداشت نہیں کی جائے گی اور ان پر ہرصورت من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر محکمہ اورادارہ خیبرپختونخواکے وزیر اعلیٰ کی وژن کے مطابق ضم اضلاع کی ترقی کیلئے واضح اورقابل عمل لائحہ عمل تیارکریں تاکہ ان کی پسماندگی حقیقی معنوں میں دورکی جاسکے۔