کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن کوہاٹ سید معتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلی خیبر پختُونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈے“کے تحت آج سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کوہاٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں مقامی سطح کے مسائل سے آگاہ کرنے کے علاوہ کوہاٹ میں انڈسٹریز سیکٹر کے فروغ کے سلسلہ میں کئی مفید تجاویز بھی دیں۔ اس موقع پر کوہاٹ چیمبر کے عہدیداران نے کمشنر کو بتایا کہ کوہاٹ میں مختلف صنعتوں کی کامیابی کے قوی امکانات ہیں اور انویسٹرز بھی موجود ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے فروغ کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں۔اگر سرمایہ کاروں /کارخانہ داروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تو کوہاٹ میں صنعتوں کا مزید فروغ ممکن ہے اور یہ ہر کسی کے مفاد میں بھی ہے۔جس پر کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتصم باللہ شاہ نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات اور وزیر اعلی صاحب کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت کوہاٹ انتظامیہ علاقائی مفاد میں ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی و خوشحالی معاشی ترقی کے بغیر ممکن نہیں لہٰذا بہت جلد تمام متعلقہ اداروں کا اجلاس بلوا کر اس پر لائحہ عمل تیار کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کے فروغ سے ہی روزگار فراہم ہوگا۔ کمشنر کوہاٹ نے یقین دلایا کہ انڈسٹریل زون کے رہائشی، نکاسی آب، سیکیورٹی اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔معتصم باللہ شاہ نے صنعتکاروں کی جانب سے صنعتی زون میں فعال کارخانے سرکاری سکولوں کی جماعت دہم کے غریب بچوں کو ہنر سکھانے کیلئے 4 بچے فی صنعتی یونٹ اپنے ساتھ فارغ اوقات میں کام پر لگانے کے پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے صنعتی زون کے منتظمین کا شُکریہ ادا کیا اور ان کے جذبہ غریب پروری اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔