کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر ڈویژن سید معتصم اللہ شاہ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو ویکسینیشن کو بجلی کی فراہمی، سڑک اور گیس جیسے عام مطالبات سے ہرگز نہ جوڑیں کیونکہ یہ ہمارے بچوں کی صحت اور ان کے مستقبل کا سوال ہے لہٰذا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت ہفتہ کو ٹائپ ڈی ہسپتال لاچی میں تحصیل لاچی کے یونین کونسل مندوری میں پولیو کے حالیہ بائیکاٹ کے حوالے سے آگاہی نشست سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے، چیئرمین تحصیل لاچی احسان خان اور ای پی آئی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محبت علی بنگش اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔تقریب میں تحصیل لاچی کے فرنٹ لائن ورکرز اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔ کمشنر کوہاٹ نے حالیہ مہم کے دوران پولیو ٹیم کے شبانہ روز کاوشوں کو سراہتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطروں کو اپنی بنیادی اور قومی ذمہ داری سمجھ کر پلوائیں۔ داؤد آفریدی ایم پی اے نے اپنے خطاب میں عوام سے پولیو کے قطروں کو عام مطالبات سے الگ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کیلئے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو نہ صرف پولیو بلکہ ای پی آئی پروگرام کے تحت آنے والی 12 بیماریوں سے بچاؤ کے ویکسینیشن کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ داؤد آفریدی نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنی حکومت پر اعتماد رکھیں اور کسی بھی غلط فہمی کو دور کرنے کیلئے اپنے بزرگوں اور مذہبی رہنماؤں سے رہنمائی حاصل کریں۔ رکن اسمبلی نے پولیو سے انکار کے کیسز سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت اپنانے اور رائے عامہ کے رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ای پی آئی کوآرڈینیٹر نے فرنٹ لائن ورکرز کو درپیش مسائل پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نشست کا مقصد پولیو ویکسینیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور کمیونٹی میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور خدشات کو دور کرنا تھا جس میں کافی حد تک کامیابی ہوئی۔