کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ بذات خود اور کوہاٹ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ان کے ماتحت انتظامیہ کے افسران کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت سرگرمیاں بدستور جاری ہیں اور لوگوں کو عوامی ایجنڈا کے تحت ریلیف دینے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔عوامی ایجنڈا پر عملدرآمد میں ناکامی پر اب تک سینکڑوں افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ کمشنر کوہاٹ سید معتصم بااللہ شاہ ورکنگ ڈیز کے علاوہ چھٹی کے دنوں میں بھی کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع بشمول قبائلی ضم اضلاع میں درجنوں ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں کا دورہ کر چکے ہیں اور نکمے اور غفلت/کوتاہی کے مرتکب سرکاری ملازمین کے خلاف ایکشن لیا ہے۔ کمشنر نے گزشتہ روز بھی ضلع کوہاٹ کے مختلف پٹوار خانوں کا اچانک دورہ کیا، ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور غیر حاضری، صفائی کی ابتر حالت اور شرح فیس سے متعلق بینرز اور چارٹ وغیرہ آویزاں نہ کرنے پر ایک پٹواری کو موقع پر معطل کر کے اس کے خلاف فوری طور پر انضباطی کاروائی کا حکم دیا۔ اسی طرح دیگر دو پٹوارخانوں میں حاضری اور ریکارڈ کو درست پایا گیا۔ غیرحاضر پٹواری کے پٹوارخانے کے سامنے منتظر سائلین نے کمشنر کوہاٹ کی اچانک آمد اور پٹواری کے خلاف فوری ایکشن پر حکومت خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کو شاندار الفاظ میں سراہا اور کمشنر کوہاٹ سے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ معتصم بااللہ شاہ نے کہا کہ ان کے اچانک دوروں کا مقصد ”عوامی ایجنڈا“پروگرام کے تحت سرکاری ملازمین کی اصلاح کرنا، سرکاری محکموں اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور انشاء اللہ ان مقاصد کے حصول تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔