پشاور (مانند نیوز)صوبے میں نام نہاد اور جعلی صحافیوں کے لیے پریس کلب کسی سونے کی چڑیا سے کم نہیں۔کم و بیش تمام پریس کلب کسی بھی قاعدے اور ضابطے کے بغیر اور محکمہ صنعت و حرفت خیبر پختون خوا کے رجسٹرار جوائنٹ سٹاک سے تصدیق کے بغیر عوام کا پیسہ گرانٹس کی شکل میں وصول کر کے وائٹ کالر کرائم کے مرتکب ہوتے نظر آ تے ہیں۔ اس ضمن میں حال ہی میں صوبے کے بیشتر پریس کلبوں کی نااہلی اور قانونی تقاضوں کے برعکس بارے خبرنے کھلبلی مچا دی۔ کیونکہ محکمہ صنعت و حرفت خیبر پختون خوا صوبے میں تمام پریس کلبوں کی رجسٹریشن اور سالانہ تجدید سوسائٹیز ایکٹ 1860کے تحت کرتی ہے۔جبکہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صوبے کے تمام پریس کلبوں کے ممبران کے حقیقی صحافی ہونے کی تصدیق کرنے اور اس کے علاوہ ضرورت کی بنیاد پرتمام پریس کلبوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے لیے گرانٹس مہیا کرنے کا ذمہ دارہے۔ محکمہ صنعت ا ور محکمہ اطلاعات کے درمیان باہمی ربط کے فقدان کی وجہ سے ان دونوں محکموں کے پاس پریس کلبوں بارے تفصیلات حقائق کے برعکس، گمراہ کن اورنامکمل ہونے کا انکشاف ہو اہے۔محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ویب سائٹhttps://dgipr.kp.gov.pk/registered-press-clubs/ پر درج پریس کلبوں کی تفصیلات جو کہ رجسٹرڈ یا غیر رجسٹرڈ سمیت زیر التوا ء ظاہر کیا گیا ہے تو دوسری جانب محکمہ صنعت و حرفت کے پاس ان پریس کلبوں کی قانونی حیثیت مختلف ہے جو کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اور محکمہ صنعت وحرفت کی نااہلی اور دونوں محکموں کی گمراہ کن تفصیلات کی فراہمی آئین پاکستان سمیت معلومات تک رسائی کے قانون 2013ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی اور آئین شکنی ہے۔ جس کی واضح مثال محکمہ صنعت وحرفت کی جانب سے صحافی کو معلومات تک رسائی کے تحت دی جانے پریس کلبوں کی تفصیلات میں غلط بیانی اور نامکمل معلومات کا اعتراف ہے جس کی نشاندہی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے کی۔محکمہ اطلاعات کے پاس موجود تین پریس کلبوں نے اپنی تجدید برائے سال 2024 کی جن میں کُرم پریس کلب پاڑہ چنار (رجسٹریشن نمبر5/9663)، نوشہرہ پریس کلب (رجسٹریشن نمبر5/10004)اور ڈسٹرکٹ پریس کلب اورکزئی (رجسٹریشن نمبر5/9678) شامل ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے تمام پریس کلبوں کو صوبے کے مروجہ قوانین کے مطابق پابند کیا جائے جو کہ عوام کے پیسوں پر عیاشیاں اور بندر بانٹ کر کے استحصال کرتے آرہیں ہیں۔ اور محکمہ صنعت و حرفت خیبر پختون خوا بشمول محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ پریس کلبوں کی قانونی حیثیت کو واضح کرکے وزیر اعلیٰ کے عوامی ایجنڈے کی پاسداری کرے۔