ہزارہ (مانند نیوز)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن، طاہر ایوب خان،نے ضلع مانسہرہ میں جاری چائنیز پروجیکٹس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور اور ڈپٹی کمیشنر مانسہرہ خالد اقبال بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران، چائنیز عہدیداران نے پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ فراہم کی۔ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان میں جاری تمام چائنیز پروجیکٹس ملکی ترقی اور تعمیر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چائنیز ورک سائٹس اور رہائش گاہوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے پولیس افسران کو سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی آئی جی ہزارہ نے چائنیز عہدیداران کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر چائنیز عہدیداران نے ان کی کوششوں کو سراہا اور مانسہرہ پولیس کی فراہم کردہ سیکیورٹی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔