پشاور(مانند نیوز) پشاور میڈیکل کالج میں تین ہفتے پر محیط آزادی کی تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔تقریبات کا موضوع "فلسطین اور فکری یکجہتی”تھا، جس کا مقصد فلسطین کیجدوجہد کے تناظر میں آزادی کی قدر و قیمت اور مسلہ فلسطین کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔تقریب میں مختلف مقابلوں کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا گیا۔ سوسائٹی فارآرٹ اینڈ لٹریچر کے زیر اہتمام ان مقابلوں میں مضمون نویسی، شاعری، ملی نغمے، خطاطی، مصوری،کوئز اور تقریری مقابلے شامل تھے۔۔ مختلف طبی اداروں کے طلباء نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔زرعی یونیورسٹی پشاور کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور سواتی نےاپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود ترقی کی ہےجبکہ ملک کے موجودہ مسائل کی وجہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے ناواقفیت اور ان سے روگردانی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک ازادی فلسطین کو سمجھے بغیر آزادی کی اصل روح کا ادراک ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریبات کا مقصد نوجوانوں کو فلسطین میں جاری جدوجہد سیآگاہ کرنا اوراس سلسلے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد امان خان، پروفیسر ڈاکٹر شمس الحق حنیف اور ڈاکٹر بخت بلند نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو انعامات دئیے۔تقریب میں معزز مہمانوں میں پرائم فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر افتخار حسین،ڈین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید انور، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد امان خان اور پروفیسر ڈاکٹر عائشہ عبداللہ شامل تھے۔