پشاور(مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ا لیکشن کمیشن بہانے ڈھونڈنے کے لئے اجلاس پر اجلاس بلا رہے ہیں۔ الیکشن کمشنر کو چاہئے کہ وہ آئیں بائیں شائیں کی بجائے نوٹفیکشن جاری کرکے اعلیٰ عدلیہ کی حکم کی تعمیل کریں۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ تاخیری حربے استعمال کرنے پر الیکشن کمشنر نہ صرف توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں بلکہ آئین سے متصادم فیصلے کرنے پر آرٹیکل 6 کے بھی مرتکب ہیں۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ الیکشن کمشنر جعلی حکومت کے اشاروں پر چل رہے ہیں جبکہ مینڈیٹ چور حکومت بھی چند سانسیں لینے کے لئے ریاستی اداروں کی ساکھ کو داؤ پر لگارہی ہے۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے ریاستی ادارے کو ایک سیاسی جماعت میں بدل دیا ہے،ریاستی اداروں کے سیاسی فیصلے ملک کے لئے بھیانک ہوتے ہیں اور فارم 47 کی حکومت نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ہے۔