اورکزئی (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ضم اضلاع کی تیز تر ترقی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کردہ پروگرام ”گرینڈ قبائلی جرگہ“کی روشنی میں گورنمنٹ ہائی اسکول مشتی بازار لوئر اورکزئی میں ”عوامی قبائلی جرگہ“کا انعقاد کیا جس میں رکن قومی اسمبلی یوسف خان، ضلعی پولیس آفیسر، ضلعی محکموں کے سربراہان اور قبائلی عمائدین/زعماء اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر اجتماعی و انفرادی مسائل پیش کرنے کے علاوہ وزیراعلیٰ کے نئے اقدامات پر مفید تجاویز بھی دیں۔ ڈپٹی کمشنر اورکزئی اور رکن قومی اسمبلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا تمام ضم اضلاع بشمول ضلع اورکزئی کے عوام کے بنیادی مسائل کے فوری حل میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے اور آج کا قبائلی جرگہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے ”گرینڈ قبائلی جرگہ“کا ہی تسلسل ہے جس میں عوام الناس کے باہمی صلاح مشورے سے مسائل کو فوری حل کرنے سمیت وزیر اعلیٰ کے”گرینڈ قبائلی جرگہ“کے نئے اقدامات پر عوامی آراء حاصل کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ اورکزئی مسلسل قبائلی جرگوں کاانعقاد کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے ضلع کے جملہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے سلسلے میں تمام محکموں کے سربراہان کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ قبائلی جرگہ نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔