پشاور(مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صحافی قوم اور حکمرانوں کے مابین رابطے کا ذریعہ ہیں اور حق و سچ کی بات کو سامنے لانامیڈیا کی ذمہ داری ہے کیونکہ زمانہ حاضر میں میڈیا قوموں کے عروج اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا دکھائی دیتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہرہ پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ارشد خان، ڈائریکٹرجنرل محمد عمران، پشاورپریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک اور سابق صدر ایم ریاض، نوشہرہ پریس کلب کے صدر مشتاق پراچہ اور صحافیوں نے بڑی تعد اد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اورحکومت خیبر پختونخوا دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے صوبے کے پریس کلبوں کی بھر پورمعاونت کررہی ہے اور محکمہ اطلاعات کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کے لیے پالیسی پر بھی کام ہو رہا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صحافت کی ترقی میں حکومت اور میڈیا مالکان کے ساتھ ساتھ خود صحافیوں کا بھی بڑاکردار ہے اگرچہ صحافت کے شعبے میں بہتری ایک مسلسل عمل ہے تاہم صحافیوں کی فلاح و بہبود کے امور میں کوئی سستی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے قومی و ملکی مسائل کے ساتھ ساتھ میڈیا برادری کو بھی کئی ایک چیلنج درپیش ہیں لیکن ان کا مقابلہ جدت سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے صحافی قلم اور کیمرے کے ذریعے معاسرتی مسائل کو نہ صرف اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان کے حل کرنے میں راہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا کے میدان میں آئے روز مسلسل ترقی ہو رہی ہے اور حق اور سچ بات کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے انہوں نے تاکید کی کہ صحافی حضرارت خبریت اور سنسنی خیزی کی دوڑ میں سچ اور حق کا راستہ نہ چھوڑیں کیونکہ صحافت ایک اہم فریضہ ہے اور اگرصحافی فرض کی ادائیگی سے غافل ہوئے تو مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے نو شہرہ پریس کلب کے صحافیوں کی علاقے اور صوبے کے لئے خدمات کو سرہاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی فلاح و بہود کے لئے اپنے قلم کی کاوشیں آئندہ بھی جاری رکھیں گے