پشاور (مانند نیوز)وفاقی محتسب سیکرٹریٹ پشاور کے ریجنل ہیڈ محمد مشتاق جدون نے باجوڑ کے صدر مقام سول کالونی خار میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں وفاقی اداروں کے سربراہان، قبائلی عمائدین، ویلج سیکرٹریز اور دیگر مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران مشتاق جدون نے وفاقی اداروں جیسے نادرا، واپڈا، پاسپورٹ آفس، بارڈر اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے عوامی شکایات وصول کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ شکایات درج کرنے کا کوئی خرچ نہیں ہے اور ہر شہری بلا خوف اپنے مسائل وفاقی محتسب کے دفتر میں جمع کرا سکتا ہے۔کھلی کچہری میں عوامی مسائل کے حوالے سے شرکاء نے بجلی کی لوڈشیڈنگ، پاسپورٹ کے مسائل، نادرا آفسز کی توسیع، بلاک شدہ شناختی کارڈز، افغان بارڈر کو تجارت کے لئے کھولنے کی تجویز، اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب خواتین کے کارڈز بند ہونے کی شکایات پیش کیں۔ مشتاق جدون نے ان تمام مسائل کو غور سے سنا اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔