کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے اور انہیں داخلہ دینے کیلئے ان کے والدین سے قریبی رابطے رکھیں اور انہیں اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کیلئے قائل کریں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم کی طرف لانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بچوں کو سکولوں میں داخلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ حکام کو سکولوں سے باہر بچوں کیلئے بلاتاخیر مائیکرو پلان تیار کر کے انہیں سکولوں کی طرف لانے کیلئے فوری لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت کی۔عبدالاکرم نے کہا کہ نئی نسل کو جدید عصری تعلیم سے منور کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ہمیں تمام تر وسائل بروئے کار لانے ہوں گے۔