کوہاٹ (مانند نیوز ) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع کوہاٹ میں بھی عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی منایا گیا۔اس سلسلے میں باقاعدہ ایک تقریب نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کی۔ خصوصی تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر امجد آفریدی، پرنسپل نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سفید چھڑی کے دن کو منانے کا مقصد معاشرے میں معذور/خصوصی افراد کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس سلسلے میں اجتماعی طور پر کام کرنے کیلئے متحرک کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سفید چھڑی نابینا افراد کیلئے صرف چلنے کی چھڑی نہیں ہے بلکہ یہ ان کی شناخت اور وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے بصارت سے محروم کمیونٹی کے تمام مسائل کے حل میں ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ضرورت مند نابینا افراد میں سفید چھڑیوں کے علاوہ تحائف بھی تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر عہد کیا گیا کہ جب بھی کوئی نابینا شخص کہیں بھی نظر آئے تو اسے کسی قابل رحم کردار کی بجائے عزت، تعاون اور معاشرے کا حصہ سمجھیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ اور دیگر متعلقہ حکام کے ہمراہ توغ منگارہ سفاری پارک کوہاٹ اورسمگلنگ کی روک تھام کیلئے قائم کردہ کوہاٹ ٹنل جوائنٹ چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے سفاری پارک کی مزید بہتری اور وہاں پر موجود ریسٹ ہاؤس کی فوراً تزئین و آرائش کے علاوہ سفاری پارک ٹورسٹ سپاٹ بنانے کی ہدایت کی۔اسی طرح انہوں نے اشیائے خوردونوش، دیگراشیاء اور غیرقانونی/غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے اور سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔