اپر چترال (مانند نیوز)اپر چترال میں پیٹ کے کیڑے کو ختم کرنے کے لئے Deworming مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس زیر صدارت حسیب الرحمن خان خلیل ڈپٹی کمشنر اپر چترال منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اپر چترال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر اور دوسرے متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پیٹ کے کیڑے مضمر اثرات سے متعلق تفصیلی پریزینٹیشن پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ پیٹ کے کیڑے بچوں کی ذہنی اور جسمانی نشونما میں خلل پیدا کرتے ہیں اور غذائیت میں کمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان ان دس ممالک میں شمار ہوتا ہے جہاں پیٹ کے کیڑے بہت عام ہیں۔ ایک سروے کے مطابق خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع میں پیٹ کے کیڑوں کی شرح 20 فیصد سے بھی زیادہ ہے اور ایسے علاقوں میں بڑے پیمانے پر پیٹ کے کیڑوں کا تدارک ضروری ہو جاتا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے5-14 سال کے بچوں کے پیٹ سے کیڑوں کے خاتمے کے لیے ڈیورمنگ کا مہم شروع کی جارہی ہے جو 4 نومبر سے 8 نومبر تک جاری رہیگا۔ صوبائی سطح پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ایلیمینٹری اینڈ سیکینڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈسٹرکٹ کی سطح پر ڈسٹرکٹ مینیجمنٹ کمیٹی کی یہ مشترکہ کاوش ہے اور خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع میں تقریبا 78 لاکھ بچوں کو سکولوں اور مدارس میں ڈی ورم کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے عوام الناس سے اپیل کی کہ بڑے پیمانے پر ہونے والے بچوں کے پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کو جلد از جلد مفت اور محفوظ دوا کے ذریعہ پیٹ کے کیڑوں سے نجات دلائیں تاکہ ان کا مستقبل روشن اور محفوظ بن سکے۔