ایبٹ آباد (مانند نیوز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ملیحہ سحر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی، مانیٹرنگ اور عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع اور تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد اور مجموعی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ ملیحہ سحر نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات جیسے پانی، بجلی اور صاف ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے بہترین ماحول مل سکے۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامی عملے کی بروقت تعیناتی اور اسکولوں میں درپیش مسائل کے فوری حل پر بھی زور دیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اسکولوں میں جدید تعلیمی تقاضوں کے مطابق تعلیم کے نئے اور مؤثر طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کو دورِ حاضر کی جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔اجلاس میں سی پیک منصوبوں سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی، اسکولوں کی مرمت اور بجلی کے ٹرانسفارمرز اور تاروں کی محفوظ جگہوں پر منتقلی سے متعلق امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، کھیلوں کے فروغ اور اسکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں ڈی ای او میل، ڈی ای او فیمیل، ایس ڈی ای او سپورٹس، ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی آراء اور تجاویز پیش کیں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔