بٹگرام (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے خیبرپختونخوا حکومت کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت آج اپنے دفتر میں انجمن تاجران بٹگرام کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد شہر کے تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ملاقات کے دوران انجمن تاجران کے نمائندوں نے بٹگرام کی مارکیٹوں اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے، جن میں انفراسٹرکچر کی بہتری، صفائی ستھرائی، ٹریفک کے مسائل، اور سیکیورٹی کے حوالے سے مشکلات شامل تھیں۔ انہوں نے کاروباری طبقے کی سہولت اور ترقی کے لیے حکومتی تعاون کی درخواست بھی کی۔ڈپٹی کمشنر آصف علی خان نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی اور تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی حکومت کاروباری برادری کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر تاجروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں تاکہ ان کے مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام اور تاجروں کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے انتظامیہ ہر وقت دستیاب ہے۔