ہزارہ (مانند نیوز)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی ہدایات کے تحت TMA آفس خان پور میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس کھلی کچہری میں علاقے کے مندوبین کے علاوہ ملحقہ علاقوں سے بھی کثیر تعداد میں افراد نے شرکت کی اور اپنے مسائل سے وفاقی محتسب کے آفیسر کو آگاہ کیا۔وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے مشن کے تحت، ہزارہ ڈویژن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ریجنل آفس ایبٹ آباد کے آفیسر جمیل احمد نے دور دراز کے علاقوں میں مقیم افراد کو فوری، سستا اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کرنے کے مقصد سے یہ کھلی کچہری منعقد کی۔کھلی کچہری میں وفاقی اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ علاقے کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عوام نے وفاقی محتسب کے آفیسر جمیل احمد کو مختلف وفاقی محکموں سے متعلق شکایات پیش کیں، جن میں زیادہ تر شکایات پیسکو، نادرہ، پوسٹ آفس، نیشنل بنک، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان بیت المال، پاسپورٹ، محکمہ مال، لوکل گورنمنٹ اور دیگر صوبائی محکموں سے تھیں۔ مندوبین کا موقف تھا کہ خان پور میں تحصیل آفس کے افسران اور اہلکار عوام الناس کو بے جا تنگ کرتے ہیں اور بلا وجہ عوام پر FIR درج کرواتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔وفاقی محتسب کے آفیسر جمیل احمد نے موقع پر ہی بعض شکایات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو احکامات صادر کیے، جبکہ دیگر شکایات کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو نوٹس جاری کیے گئے۔علاقے کے مندوبین نے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت ہزارہ ڈویژن کے پسماندہ علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد ممکن ہو رہا ہے۔ یہ کھلی کچہریاں عوام کو فوری، سستا اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کر رہی ہیں اور پسماندہ علاقوں کے باشندوں کو اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع دے رہی ہیں۔وفاقی محتسب ایبٹ آباد کے آفیسر جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک عوامی عدالت کی حیثیت رکھتا ہے جہاں وفاقی اداروں میں پائی جانے والی بدانتظامیوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شکایات کا فیصلہ 60 دنوں میں کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں شکایت کنندہ کو کوئی فیس نہیں دینی پڑتی، نہ ہی وکیل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کھلی کچہری کے شرکاء کو حکومت کی اس سہولت سے مستفید ہونے کی اپیل کی تاکہ عوام کی تکالیف دور ہو سکیں اور فوری داد رسی ممکن بنائی جا سکے۔کھلی کچہری کے اختتام پر معززین علاقہ نے وفاقی محتسب کے آفیسر جمیل احمد کا شکریہ ادا کیا۔