کرک (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کرک کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹیری چوک تا گرگری روڈ پر بند کام فوری طور پر دوبارہ شروع کریں. انہوں نے کہا کہ مذکورہ روڈ کیلئے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کیلئے اعلیٰ حکام سے بات ہو چکی ہے. یہ ہدایات انہوں نے جمعے کو ڈپٹی کمشنر کرک کے دفتر میں قومی تعمیر نو محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں جس میں ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک، ایکسین سی این ڈبلیو، ایکسین پبلک ہیلتھ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایجوکیشن افسران سمیت تحصیل میونسپل افسران و دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی. اجلاس میں مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے علاوہ محکموں کو درپیش مسائل و مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دی گئیں. واضح رہے کہ گرگری روڈ پر فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے کافی عرصہ سے کام بند تھا جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر زراعت نے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جنہوں نے بلا تاخیر فنڈز کی فراہمی کا وعدہ کیا. وزیر زراعت نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھیں اور وزیر اعلیٰ کے ”عوامی ایجنڈا” پر عمل درآمد یقینی بنائیں کیونکہ وزیراعلیٰ کے اس پروگرام کا واحد مقصد عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کرنا ہے۔