ملاکنڈ (مانند نیوز)ضلع ملاکنڈ میں نشہ آور، معیاد ختم ہونے والی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کردیاگیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کے عوامی ایجنڈا پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر/ کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن کی ہدایت پر صوبائی ڈرگ انسپکٹر ملاکنڈ نے سخاکوٹ، درگئی اور مالاکنڈ بازار میں میڈیکل سٹورز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پرنشہ آور، معیاد ختم ہونے والی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں اورملزمان کے خلاف ڈرگز ایکٹ 1976 کے تحت مقدمات درج کئے گئے جو کہ مزید کارروائی کے لئے صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ کو بھیجے جائیں گے۔ اس کے علاوہ عوامی ایجنڈا کے تحت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحیداللٰہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا اورہسپتال کی صفائی و بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کو علاج معالجے کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں بہترسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔