سخاکوٹ(مانند نیوز) تحصیل درگئی کے لیویز چوکی موسیٰ مینہ میں لیویزکے اہلکاروں پر اپنے ہی لیویز ساتھی اہلکار کی جانب سے شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو لیویز اہلکارجان بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل درگئی کے علاقہ موسیٰ مینہ لیویز چوکی میں ڈیوٹی پر موجوداہلکاروں پر رات گئے لیویزاہلکار صدام ساکن کوپر نے نامعلوم وجوہات پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود دو اہلکار حوالدار فضل کریم ساکن ناشونڑوکنڈاؤ اور سپاہی ریاض ساکن پلو ناؤ ہیروشاہ موقع پر جان بحق جبکہ سپاہی عالم زیب شدید زخمی ہوگیا۔ ملزم صدام موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوا جبکہ لیویز نے ملزم کے ایک بھائی کو گرفتار کرلیا ہے۔ تینوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد زخمی سپاہی عالم زیب کو پشاور منتقل کردیا گیا ادھر واقع کے خلاف علاقہ ہیرو شاہ اور گردونواح کے سینکڑوں مشتعل عوام نے نعشوں کو درگئی بازار کے مین چوک میں رکھ کر سڑک کو ہر قسم ٹریفک کیلئے صبح دس بجے تک بلاک کئے رکھا۔مشتعل مظاہرین سے سہیل خان، مکرم خان سبا، مکمل شاہ اور فضل احد ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔ جس کے بعد ڈی سی ملاکنڈ حمید الرحمان، اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد علی،صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز سمیع اللہ باچہ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ایم پی اے پیر مصور خان غازی نے علاقہ مشران سے کامیاب مذاکرات کئے اور تین دن کے اندر ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر مشتعل عوام نے پرامن طور پر منتشر ہوکر مین روڈ کو کھول دیا۔