دیر(مانند نیوز)لوئر دیر پولیس کے پانچ بہادر شہداء کے بیٹے اپنے والدین کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا پولیس فورس میں شامل ہوگئے ہیں۔ یہ نوجوان، جنہیں پولیس فورس میں بطور ‘PASI’ بھرتی کیا گیا ہے، اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن کی خدمت اور عوام کی حفاظت کا عزم رکھتے ہیں۔بھرتی ہونے والوں میں شہید ہیڈ کانسٹیبل اعجاز حسین کے بیٹے محمد عثمان، شہید کانسٹیبل ادم خان کے بیٹے مہران خان، شہید ہیڈ کانسٹیبل شاہ پسند خان کے بیٹے کفایت خان، شہید اے ایس آئی محمد ناصر کے بیٹے محمد وسیم، اور شہید حسین خان کے بیٹے اقرار خان شامل ہیں۔ ان نوجوانوں کو ڈی پی او لوئر دیر، سلیم عباس کلاچی نے اپنے ہاتھوں سے اپوائنٹمنٹ آرڈرز پیش کیے۔ ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے ان نئے بھرتی ہونے والے جوانوں کو ہمت، جذبے، اور ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کی تاکید کی اور کہا کہ وہ اپنے والدین کے مشن کو آگے بڑھائیں اور ملک و قوم کی خدمت میں کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔یہ نئے بھرتی ہونے والے جوان نہ صرف اپنے والدین کی قربانیوں کا فخر ہیں بلکہ علاقے کے لوگوں کے لیے بھی امید کا پیغام ہیں کہ وہ امن و سلامتی کے مقصد کو آگے بڑھائیں گے۔ ڈی پی او لوئر دیر نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں ہر ممکن تعاون میسر ہو۔