پشاور(مانند نیوز) نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (NCHD) مردان اور ضلعی انتظامیہ مردان کے باہمی اشتراک سے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ مہم کا افتتاح نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ مردان سیکرٹریٹ آفس میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر مردان ڈاکٹر شیر زمان ڈوگر نے پودا لگا کر کیا۔تقریب میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ مردان کے ڈپٹی ڈائریکٹر لعل محمد طورو، اے ڈی ڈاکٹر محمد علی، اے ڈی محمد ایاز، عابد علی ہوتی، ڈی ایم او آر ٹی ایس کاظم خان، فیلڈ آفیسر نوید احمد سمیت دیگر فیلڈ افسران، رضاکاروں اور انٹرنز نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے، آلودگی میں کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے عزم کا اظہار کیا۔ مہم کے دوران شرکاء میں 4 ہزار پودے تقسیم کیے گئے، جنہیں مختلف مقامات پر لگایا جائے گا۔منتظمین کے مطابق شجر کاری مہم کا مقصد عوام، نوجوانوں، رضاکاروں اور مختلف طبقات کو ماحولیاتی تحفظ کے لیے متحرک کرنا اور درختوں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔