کوہاٹ (مانند نیوز)وزیر اعلی خیبر پختوں خوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“ کے تحت ماحولیات، جنگلات اور قدرتی حیات کے تحفظ اور آنے والے شجر کاری موسم میں کئی ہزارکنال کے وسیع رقبے پر دستیاب وسائل کے اندر منظم اورموثر شجرکاری کے ذریعے تقریباً20 لاکھ کے پودے لگانے کے مہم کے سلسلے میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی، ڈویژنل فارسٹ آفیسر کوہاٹ ارسلان طارق اور ایس ڈی ایف او یاسر محمود وزیر کے ہمراہ کوہاٹ کے تحصیل لاچی کے دور افتادہ علاقے درملک کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد آئندہ موسم بہار میں پودے لگانے کے منصوبے کے تحت کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سیڈ براڈکاسٹنگ کی ممکنہ فزیبلٹی کا تجزیہ بھی کرنا تھا تاکہ تقریباً 2,800 ہیکٹر کے وسیع رقبے پر مؤثر طریقے سے پودے لگائے جا سکیں۔ اپنی گفتگو کے دوران کمشنر کوہاٹ نے بیج کی تقسیم کے عمل کیلئے ایک جامع اور ہنگامی منصوبہ تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس اہم منصوبے پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعدازاں وہ متعلقہ حکام کے ہمراہ درملک ڈیم بھی گئے، جہاں کمشنر کوہاٹ نے علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور جغرافیائی محل وقوع کو دیکھتے ہوئے اس کی ماحولیاتی سیاحت کی ترقی کے امکانات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ایک مربوط اورٹھوس حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس علاقے کو سیاحوں کیلئے مزید پرکشش بنایا جا سکے اور پائیدار سیاحتی طریقوں کو فروغ دیا جا سکے، جو کہ نہ صرف ماحول کی حفاظت میں مدد دیں گے بلکہ مقامی کمیونٹی کو بھی اس سے فائدہ پہنچے گا۔کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ حکام کو 10 دن کے اندر ایک جامع منصوبہ بندی وضع کر نے کی ہدایات دیں۔دریں اثناء معتصم بااللہ شاہ نے جمعرات کے روز کوہاٹ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ جنگلات و تحفظ ماحولیات کے افسروں کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں آنے والے شجر کاری مہم کیلئے تمام اضلاع کے اندر موزوں مقامات اور جامع منصوبہ بندی سے متعلق اہم فیصلے کئے جائیں گے۔